i پاکستان

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر،کراچی میں بھی پارہ سنگل ڈیجیٹ میں آگیا،آئندہ 24گھنٹوں میں موسم خشک اور رات میں سردرہنے کا امکانتازترین

January 09, 2026

ملک شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں ہے ، کراچی میں بھی پارہ سنگل ڈیجیٹ میں آگیا،شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 اور ایم 14 بند کردی گئی۔ آئندہ 24گھنٹوں کے د وران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سردرہنے کا امکان ہے۔ملک بھر میں شدید سردی کی لہر کے اثرات کراچی پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں جس کے سبب درجہ حرارت میں واضح کمی آگئی۔بلوچستان سے چلنے والی یخ بستہ ہوائو ں کے سبب کراچی میں رواں موسم سرما کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح 10 بجے تک درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے، شمال مشرقی سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سرد و خشک ہوا چل رہی ہے۔

دوسری جانب شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو مین ٹول پلازہ اسلام آباد سے للہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم 14 ہکلہ تا داد خیل کے درمیان بھی شدید دھند کے باعث آمدورفت معطل کر دی گئی ۔موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویز بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچا اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے قبل موٹروے کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند ختم ہوتے ہی موٹرویز کو مرحلہ وار ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ حدِ رفتار کی پابندی کریں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی