i پاکستان

ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم، شدید سردی و دھند متوقعتازترین

January 10, 2026

ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ24گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے۔اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی متوقع ہے، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈی جی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے شدید دھند کا امکان ہے۔سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیرآباد، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام، موہنجوداڑو اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ دوسری جانب پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں گہری دھند کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ون، صوابی سے پشاور، ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بلکسر، ایم 3 فیض پور سے سمندری اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند کردی گئی۔اس کے علاوہ ایم 5 شیرشاہ سے سکھر اور ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک بند ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی