مسلم لیگ ن نے اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ ن لیگ نے بیرسٹر ثاقب رضا کے ذریعے اس سلسلے میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سیاسی جماعت کی خیبر پختونخوا اسمبلی میں 7 سیٹیں ہیں، الیکشن کمیشن نے جمعیت علمائے اسلام (ف ) کو 7 سیٹوں پر 10 مخصوص نشستیں دی ہیں۔درخواست گزار نے کہا کہ ن لیگ کو 7 جنرل سیٹوں پر 8 مخصوص نشستیں دی ہیں جبکہ اس نے 6 نشستیں جیتی ہیں، ایک آزاد ایم پی اے 3 دن کے اندر شامل ہوا، الیکشن کمیشن نے 6 نشستوں کی تناسب سے مخصوص نشستیں دی ہیں۔پشاور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی کہ مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا اعلامیہ کالعدم قرار دی جائے، عدالت الیکشن کمیشن کو دوبارہ تقسیم سے متعلق احکامات جاری کریں، درخواست پر حتمی فیصلہ تک مخصوص نشستوں پر ممبران کو حلف سے روکا جائے۔دو روز قبل الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے نظر ثانی اپیلوں پر فیصلے کے بعد مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے معطل اراکین کی رکنیت بحال کر دی تھی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی