وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور امریکا کے درمیان طے پانے والے تاریخی تجارتی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس ڈیل میں قیادت کا کردار ادا کرنے پر صدر ٹرمپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں لکھا، میں پاکستان اور امریکا کے درمیان گزشتہ روز واشنگٹن میں کامیابی سے طے پانے والی تاریخی تجارتی ڈیل میں لیڈر شپ رول ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دل کی اتاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ مستقبل میں پاک-امریکا پائیدار شراکت داری کو نئی وسعت بھی دے گا۔اس موقع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اظہار مسرت کرتے ہوئے لکھا، الحمد اللہ! پاکستان کی امریکا کے ساتھ ڈیل طے پا گئی ہے۔معاہدے کے مطابق، دونوں ممالک تجارتی محصولات میں کمی، توانائی، آئی ٹی، معدنیات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی