i پاکستان

پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ مضبوط جمہوریت ہے،سینیٹر شیری رحمانتازترین

September 15, 2025

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کے عوام کو بااختیار بنانے اور مستقبل کی تشکیل میں ان کی آواز کو یقینی بنانے کا ذریعہ ہے، پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ مضبوط جمہوریت ہے۔جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح پاکستان میں پارلیمانی جمہوریت چاہتے تھے اور اسی وژن کے مطابق شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کا آئین دے کر جمہوری نظام کو مستحکم کیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی جمہوریت کو عوام کی آواز بنایا اور ہر طبقے کو نمائندگی فراہم کی۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے جمہوری سفر میں پیپلز پارٹی کی قربانیاں اور کوششیں ناقابلِ فراموش ہیں، پیپلز پارٹی نے جمہوری اصولوں، قانون کی حکمرانی اور سماجی انصاف کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے "جمہوریت بہترین انتقام ہے" کے اصول پر عمل کرتے ہوئے آمریت کے خلاف مزاحمت کی اور پارلیمان کو بااختیار بنایا، انہوں نے 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبائی خودمختاری اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوجوان قیادت کی علامت ہیں جو جمہوریت، انسانی حقوق اور سیاسی رواداری کے لیے مسلسل آواز بلند کر رہے ہیں، ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی ایک جمہوری، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے پرعزم ہے۔شیری رحمان نے مزید کہا ہے کہ ہمارے تمام معاشی اور سیاسی مسائل کا حل مضبوط اور بلاتعطل جمہوریت میں ہے، ہماری جدوجہد ایک ایسے پاکستان کے لئے ہے جہاں ہر شہری کو برابری، انصاف اور آزادی حاصل ہو۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی