i پاکستان

پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں جھگڑے کا معاملہ، چیف سکیورٹی آفیسر معطلتازترین

October 29, 2024

پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں میں لڑائی جھگڑے کے معاملے پر چیف سکیورٹی آفیسر کرنل( ر) عبید کو معطل کر دیا گیا۔پنجاب یونیورسٹی میں 22 اکتوبر کو ہونے والی لڑائی کے تعاقب میں گزشتہ روز دو طلبہ تنظیموں میں لا کالج کے اندر ایک بار پھر لڑائی کا آغاز ہو گیا، ایک طلبہ تنظیم کا پروگرام جاری تھا کہ دوسری طلبہ تنظیم نے ہلا بول دیا۔ایک طلبہ تنظیم لڑتے ہوئے لا کالج سے قریبی ہیلے کالج کی بلڈنگ میں گھس گئی جس کا تعاقب کرتے ہوئے دوسری طلبہ تنظیم پیچھے جا پہنچی، ہیلے کالج کے نذیر بلاک میں موجود طلبہ تنظیم نے تمام واش رومز کے بیسن کو توڑ کر پتھر بنائے اور دوسری تنظیم پر پتھرا کیا جس سے ناصرف ہیلے کالج کے مدٹرم امتحانات ملتوی ہو گئے بلکہ کالج کا لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہوا ہے۔طلبہ تنظیم کے پروگرام کے دوران پولیس بھی موجود تھی مگر اس کے باوجود تنظیموں کی لڑائی روکنے میں پولیس ناکام رہی، بعدازاں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور طلبہ تنظیموں کو منتشر کرنے میں کامیاب ہو گئی، طلبہ تنظیموں کے درمیان لا کالج سے شروع ہونے والی لڑائی ہیلے کالج میں جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ بعدازاں رات گئے تک وائس چانسلر آفس میں ذمہ داران طلبہ کے تعین اور ان کے خلاف کارروائی کے لئے اجلاس جاری رہا، لڑائی کے بعد انکوائری کمیٹی رپورٹ میں چیف سکیورٹی آفیسر کی کارکردگی پر شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے ایکشن لیتے ہوئے چیف سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) عبید کو معطل کرکے کرنل (ر) عمر خالد کو ایڈیشنل چارج سونپ دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی