پنجاب میں مون سون کی شدید بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے سیاحوں کو اہم ہدایت جاری کی ہیں۔تفصیل کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری اور گلیات میں 19 اگست تک سیاحوں کی نقل و حمل محدود کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنر راولپنڈی اور ڈی سی مری کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔مراسلے کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، سیاح ممکنہ کلاڈ برسٹنگ کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہیں۔اس کے علاوہ مری میں بھی سیاحوں کی آمد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ مری کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس حساس علاقوں میں الرٹ رہے، سیاحوں کو فلیش فلڈنگ اور بارشوں سے متعلق آگاہی دی جائے۔محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل نے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔علاوہ ازیں ترجمان کے مطابق مون سون کی بارشوں کا 7واں سلسلہ 23 اگست تک جاری رہے گا، اس دوران بالائی پنجاب راولپنڈی مری گلیات جہلم چکوال اور اٹک میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاڈ برسٹ کے خدشات ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی