پاکستانی سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں واپسی کسی بھیانک خواب سے کم نہ تھی۔ بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صرف دو گیندوں پر صفر پر آئوٹ ہوگئے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے مزاحیہ میمز اور تبصرے چھا گئے۔بابر اعظم تقریبا ایک سال کے وقفے کے بعد مختصر فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے میدان میں اترے تھے، لیکن ان کی واپسی مایوس کن رہی۔ جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جب کہ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 194 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کے کپتان ڈونووان فریرا نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 194 رنز کا مجموعہ کھڑا کیا۔
ریضا ہینڈریکس نے 40 گیندوں پر 60 رنز بنائے جبکہ جارج لنڈے نے 22 گیندوں پر 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔پاکستان کی اننگز کا آغاز ہی مایوس کن رہا۔ بابر اعظم جو روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑنے سے صرف 9 رنز دور تھے، دو گیندوں پر ہی کیچ آٹ ہوگئے۔ وہ کورز پر ریضا ہینڈریکس کے ہاتھوں کیچ دیے اور میدان سے واپسی پر راولپنڈی اسٹیڈیم میں سناٹا چھا گیا۔سوشل میڈیا پر بابر اعظم کی ناکامی کے بعد شائقین کرکٹ نے دلچسپ ردعمل دیا۔ مختلف صارفین نے میمز شیئر کرتے ہوئے ان کی کارکردگی پر طنز کیا۔ ایک صارف نے لکھا بابر اعظم بمقابلہ پاکستان: قابلِ یقین کھلاڑی۔ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا بابر اعظم کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ کبھی مایوس نہیں کرتے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی