i پاکستان

سانحہ گل پلازہ، جوڈیشل کمیشن آج جائے وقوعہ کا دورہ کریگاتازترین

February 13, 2026

جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن آج (ہفتہ کو) گل پلازہ کا معائنہ کرے گا ۔رپورٹ کے مطابق جوڈیشل کمیشن حکومتی اداروں کو طلب کرنے سے قبل پوری عمارت کا خود جائزہ لے گا اور گل پلازہ کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی معائنہ کرے گا۔کمیشن جائے وقوعہ پر آتشزدگی کے بعد کئے گئے ریسکیو اور سرچ آپریشن، عمارت میں موجود راستوں اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لے گا تاکہ واقعہ کے مختلف پہلوئو ں کا براہ راست مشاہدہ کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیشن گل پلازہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد فائر بریگیڈ، کے ایم سی، ریسکیو ادارے، ایس بی سی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو نوٹسز جاری کرکے طلب کرے گا۔جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل نے سانحہ میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو بھی طلب کرلیا ہے، جوڈیشل کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ جاں بحق افراد کے ورثا 16 فروری کو کمیشن کی تحقیقات میں شامل ہوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی