فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مزید 4 ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں جس کے بعد غزہ میں رفح بارڈر کے راستے امدادی قافلوں کی آمد متوقع ہے ،دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ امن معاہدے کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کردیا اور اس کے ساتھ ہی ایک بار پھر حماس کو جلد غیر مسلح ہونے کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ حماس نے ہتھیار نہ ڈالے تو طاقت کے استعمال سے انہیں غیر مسلح کردیں گے۔عرب میڈیا کے مطابق حماس نے رات گئے مزید 4 ہلاک یرغمالیوں کی لاشوں کو ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیل حکام کے حوالے کردیا ہے۔اس سے قبل بھی حماس غزہ امن معاہدے کے تحت4 یرغمالیوں کی لاشیں اور 20 زندہ یرغمالیوں کو اسرائیل کے حوالے کرچکا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یرغمالیوں کی لاشیں ملنے کے بعد اسرائیل کی جانب سے مصری سرحد سے ملحقہ رفح بارڈر کو کھولے جانے کا امکان ہے جہاں سے امدادی قافلوں کی غزہ آمد شروع ہو ہوگی ۔علاوہ ازیں غزہ میں ملبے کینیچے سے فلسطینی شہدا کی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور 24گھنٹوں میں مزید44 فلسطینیوں کی لاشیں نکالی گئیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ امن معاہدے کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حماس کی قید سے تمام 20 یرغمالی اچھی صحت کے ساتھ واپس آچکے ہیں ۔یک بڑا بوجھ اتر گیا ہے تاہم ہمارا کام مکمل نہیں ہوا۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ حماس نے وعدے کے مطابق اب تک تمام ہلاک مغویوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے نہیں کیں۔دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہائو س میں ارجنٹائن کے صدر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حماس سے امریکا کے اعلی سطح کے حکام نے بات کی، حماس نے بتایا وہ غیر مسلح ہوجائیں گے اگر وہ نہیں ہوتے تو ہم کردیں گے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حماس نے معاہدے پر عمل نہ کیا تو واشنگٹن خود اقدمات کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حماس کو غیر مسلح کرنا تیزی سے اور ممکنہ طور پر طاقت کے استعمال سے ہوگا۔ امریکی صدر نے اس سے قبل بھی حماس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حماس نے اقتدار نہ چھوڑا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹادیا جائے گا۔ایک روز قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی غزہ میں جنگ بندی کے باوجود ہٹ دھرمی سے بیان دیا کہ غزہ میں فوجی کارروائی ابھی ختم نہیں ہوئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی