پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ 26 ویں ترمیم سے پوری عدلیہ کو چھٹی پر بھیج دیا گیا۔عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ ہم ایک احتجاج کرتے ہیں تو 7 مقدمات بن جاتے ہیں، ایک دن راولپنڈی دوسرے دن سرگودھا کی عدالتوں میں ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ چیری بلاسم ، اردلی اور اب لیلیٰ کا سفر بہت دلچسپ ہے، حکمران عوامی حمایت سے آئے ہوتے تو یوں لیلے کی طرح رسی سے نہ چلتے، اس سال شدید مہنگائی کے باعث قربانی 30 فیصد کم ہوئی ہے۔ عالیہ حمزہ نے کہا کہ یہ عدالتیں خود قید ہیں ہمیں کیا انصاف دیں گی؟ کبھی جج چھٹی پر تو کبھی پراسیکیوٹر غائب ہوجاتا ہے، آپ نے 26 ویں ترمیم سے پوری عدلیہ کو چھٹی پر بھیج دیا ہے، ہم رول آف لا کی لڑائی لڑتے رہیں گے۔عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ ان حکمرانوں کی شکل میں عذاب قوم پر مسلط کیا گیا ہے
ایک کروڑ 80 لاکھ نوجوان آج بے روزگار ہیں، بجٹ نے تباہی پھیر کر رکھ دی ہے، اب ہم قوم اور کسانوں کے پاس جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پارلیمنٹ، پنجاب اسمبلی کے باہر فارم 45 کی اسمبلیاں لگائیں گے، عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ہے، تحریک انصاف پرامن سیاسی جماعت ہے، 126 دن کے دھرنے میں ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا تھا، ہم پرامن رہ کر دنیا کو بتائیں گے کہ ہم آئین اور قانون کی سربلندی چاہتے ہیں۔عالیہ حمزہ نے مزید کہا ہے کہ ہم قید عدلیہ کو بھی آزاد کرائیں گے اور جمہوریت بھی بحال کرائیں گے، 26 نومبر کو ہم پر گولیاں برسائی گئیں، سمبڑیال میں احتجاج کر رہے تھے تو تمام لائٹیں بجھا دی گئیں، ہم نے احتجاج ختم کر دیا۔قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو 26 نومبر احتجاج کے کیسز میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس پر عدالت نے عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی