وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایس سی او میں بھارت کے علاوہ تمام ممالک نے پاکستان کی حمایت کی، بھارتی وزیر چاہتے تھے پاکستان کے خلاف بیان جاری کرے، بھارتی وزیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی اور پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ایک انٹرویومیں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ اجلاس میں انہوں نے اپنی تقریر میں مقبوضہ کشمیر، سمجھوتا ایکسپریس سانحے اور بلوچستان میں دہشت گردی کا بھرپور ذکر کیا جبکہ بھارت کی پاکستان مخالف کوششیں ناکام ہو گئیں۔خواجہ آصف نے بتایا کہ ان کی تقریر سے قبل بھارتی وزیر دفاع اجلاس سے خطاب کر چکے تھے، لیکن ان کی تقریر کے بعد بھارتی وزیر نے دوبارہ بولنے کی اجازت مانگی تاکہ پاکستان کے خلاف بیان دیا جا سکے۔وزیر دفاع نے کہا کہ بھارتی وزیر اجلاس میں پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کر رہے تھے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کی، تاہم دیگر تمام رکن ممالک نے پاکستان کے مقف کی حمایت کی اور بھارت کو تنہا کر دیا۔انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی