i پاکستان

امریکی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی ڈرگ رپورٹ کو سختی سے مسترد کردیاBreaking

September 05, 2025

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اقوام متحدہ کی ڈرگ رپورٹ کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جنوبی امریکا میں زیادہ تر منشیات کی اسمگلنگ وینزویلا کے بجائے کولمبیا اور ایکواڈور سے ہوتی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مارکو روبیو نے اس رپورٹ کو وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی وجہ کے طور پر تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ایکواڈور کی وزیر خارجہ گیبریلا سومرفیلڈ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران مارکو روبیو نے ایک صحافی کے سوال پر کہا کہ وینزویلا سے صرف 5 فیصد منشیات کی اسمگلنگ ہوتی ہے، جبکہ کولمبیا اور ایکواڈور سے یہ شرح 87 فیصد ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مجھے پرواہ نہیں کہ اقوام متحدہ کیا کہتی ہے۔ اقوام متحدہ کے حکام کو منشیات اسمگلنگ سے متعلق کچھ نہیں پتہ کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔میکسیکو میں روبیو نے مزید کہا کہ ایک منشیات بردار بحری جہاز کو پکڑنے کے بجائے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تباہ کرنے کا حکم دیا تھا۔مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے صدر نکولس امریکی عدالت میں منشیات اسمگلنگ کے ملزم ہیں اور وہ امریکا میں اشتہاری مجرم بھی ہیں۔امریکی وزیر خارجہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ امریکا کی مکمل طاقت اور قوت استعمال کریں گے تاکہ ان منشیات فروش کارٹیلوں کو ختم کیا جا سکے، چاہے وہ کہیں سے بھی کام کر رہے ہوں اور چاہے وہ کتنے ہی عرصے سے بلاخوف کارروائیاں کر رہے ہوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی