پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز اور غیرقانونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہیں، ایرانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، تہران کو دفاع کا حق حاصل ہے ۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہیں، اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اسرائیل کی کھلی اشتعال انگیزیوں کی دوٹوک انداز میں مذمت کرتا ہے، اسرائیلی جارحیت اور اشتعال انگیزی پورے خطے، امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ اور شدید تشویش کا باعث ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کا تحفظ کریں، اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا اور حملہ آور کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی