گوجرانوالہ میں دو جواں سالہ سگی بہنوں کے بہیمانہ قتل کی گتھی سلجھ گئی۔ ماں باپ ہی اپنی بیٹیوں کے قاتل نکلے۔تفصیل کے مطابق 19 مئی کو گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں میں فائرنگ سے قتل کی جانیوالی دو سگی بہنوں کے قتل کیس کا دل دہلا دینے والا ڈراپ سین ہوگیا۔ ماں اور باپ ہی اپنی جواں سالہ بیٹیوں کے قاتل نکلے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے قاتل ماں باپ کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ایک بیٹی نے پسند کی شادی کی،چھوٹی بیٹی نے ساتھ دیا، والدین نے بیٹیوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا۔ ایس ایس پی منصور امان نے کہا کہ کرائم سین سے ہی شکوک و شبہات نے جنم لیا جس کے بعد تفتیش کی تو معاملہ سامنے آتا رہا،ہم نے یقین ہونے پر ملزمان کو گرفتار کیا تو انہوں نے اعتراف جرم کرلیا۔دوران تفتیش قاتل ماں باپ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بیٹیوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا۔ ماں نے قتل کی منصوبہ بندی کی اور باپ نے فائرنگ کرکے بیٹیوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔ ماں نے اپنی آنکھوں کے سامنے بیٹیوں کو قتل کروانے کے بعد آلہ قتل چھپا دیا اور پھر شاطر ملزمان نے واقعہ کو ڈکیتی کا رنگ دیدیا۔سی سی ڈی کے مطابق 22 سالہ تانیہ نے والدین سے چھپ کر اپنی پسند سے نکاح کر رکھا تھا جبکہ چھوٹی بیٹی انیلا نے بڑی بہن کا ساتھ دے دیا جس کا والدین کو رنج تھا، سی سی ڈی نے مزید تفتیش کیلئے ملزم ذوالفقار کا جسمانی ریمانڈ لے لیا ہے. عدالت نے کشور بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی