i پاکستان

کے پی حکومت مفت میں نہیں ملی، دفاع کرنا جانتے ہیں، جنید اکبرBreaking

July 17, 2025

صدر پی ٹی آ ئی خیبرپختونخوا جنید اکبر نے کہا ہے کہ کے پی کی حکومت ہمیں مفت میں نہیں ملی، ہم اپنے فیصلوں اور بیانیے کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے بعد پارٹی جتنی کمزور سمجھی گئی، آج اتنی ہی مضبوط ہو چکی ہے ۔انھوں نے واضح کیا کہ ضروری نہیں کہ وزیراعلی کی ہر بات کو من و عن لیا جائے، تقریر کے دوران بعض اوقات الفاظ آگے پیچھے ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مائنس گنڈاپور صرف مولانا صاحب کی رائے ہو سکتی ہے، لیکن پی ٹی آئی کے پاس اپنا مضبوط فیصلہ سازی کا نظام ہے۔صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پارٹی میں پہلے عمران خان کی بات مانی جاتی ہے، اس کے بعد بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور عمر ایوب جیسے قائدین کی مشاورت کو اہمیت دی جاتی ہے۔ فواد چوہدری کی رائے کا احترام ہے لیکن فیصلے پارٹی قیادت ہی کرے گی۔جنید اکبر نے تسلیم کیا کہ پارٹی میں اختلافات ضرور ہیں، لیکن تحریک انصاف کمزور نہیں ہو گی۔ ہم سیاسی ورکر ہیں، کسی کے نوکر نہیں کہ بریانی پر آنکھ بند کر کے چل دیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ سینیٹ کے لیے 4 سے 5 امیدواروں کے نام زیرغور ہیں، جن میں سے حتمی نام عمران خان خود فائنل کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی