خیبرپختونخوا حکومت نے بندوبستی اضلاع کے لیے 165 ارب روپے مالیت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تجویز دے دی۔محکمہ خزانہ کی دستاویزات کے مطابق یہ پروگرام مختلف شعبوں کی جامع ترقی کے لیے ترتیب دیا جا رہا ہے جس میں سب سے زیادہ فنڈز ملٹی سیکٹر ڈیویلپمنٹ کے لیے مختص کیے جائیں گے۔محکمہ خزانہ کے مطابق مجوزہ ترقیاتی پروگرام میں 47 ارب 81 کروڑ روپے ملٹی سیکٹر ڈیویلپمنٹ کے لیے تجویز کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 20 ارب 79 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے جو بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لیے بھی خاطر خواہ فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں، ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 6 ارب 34 کروڑ روپے جبکہ صحت کے شعبے کے لیے 13 ارب 34 کروڑ روپے کی تجویز دی گئی ہے۔زراعت کے لیے 4 ارب 83 کروڑ، صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لیے 5 ارب 59 کروڑ اور توانائی کے منصوبوں کے لیے 3 ارب 46 کروڑ روپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے، اس کے علاوہ آبنوشی کے منصوبوں کے لیے 12 ارب 65 کروڑ اور اعلی تعلیم کے لیے 4 ارب 79 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی