سندھ رینجرز اور پولیس نے بن قاسم ٹائون کے علاقے بگٹی گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا جو احتجاج کے دوران سرکاری املاک اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے سمیت ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت گلاب بگٹی، غلام علی بگٹی، ناظم علی بگٹی، محمد عمر شر اور عبدالطیف کے ناموں سے ہوئی ہے۔دورانِ تفتیش ملزمان کے موبائل فونز سے ایسے شواہد حاصل ہوئے ہیں جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے ریاستی اداروں کے خلاف منفی مہم میں سرگرم تھے۔حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی