وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں جاری تبلیغی اجتماع کے موقع پر جامعہ ابوالقاسم تبلیغی مرکز اسلام آباد کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لیا ۔ اس موقع پر رائے نڈ اور پنڈی تبلیغی مرکز کے اکابرین یوسف قریشی، عبد الرحمن قریشی اور نائب انچارج شوری ڈاکٹر سلیم نے تبلیغی مرکز آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد تبلیغی مرکز کے اکابرین سے ملاقات کی اور اسلام آباد مذاکرات کے دوران اجتماع ملتوی کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے مثبت کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے تبلیغی اجتماع کے لئے سکیورٹی و دیگر انتظامات سے آگاہ کیا کہ تبلیغی اجتماع کے لئے موثر سیکیورٹی و ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے تبلیغی اجتماع کے اکابرین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ تبلیغی اجتماع کے منتظمین کو پولیس لائنز میں خصوصی لیکچر کیلئے مدعو کیا جائے گا۔اس موقع پر ملک میں امن۔ استحکام اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی، تبلیغی اجتماع کااختتام آج (اتوار کو) صبح خصوصی دعا کے بعد ہوگا۔ تین روزہ تبلیغی اجتماع میں مجموعی طور پر اڑھائی لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی