سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے آئی سی سی کی جانب سے سلو اوور ریٹ پر انگلش ٹیم کو سزا اور پوائنٹس کٹوتی کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لارڈز میں بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں انتہائی سست اوور ریٹ پر صرف انگلینڈ کو ہی سزا کیوں دی گئی۔ایک انٹرو یو میں مائیکل وان نے کہا کہ دونوں ٹیموں کا لارڈز میں اوور ریٹ بہت خراب تھا، صرف ایک ٹیم کو سزا دینا میری سجھ سے باہر ہے۔واضح رہے کہ بھارت کے خلاف لارڈز میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں سست اوور ریٹ کی وجہ سے انگلینڈ کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ پوائنٹس میں کٹوتی کی گئی جبکہ 10 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔جرمانے کے باعث انگلینڈ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی ٹیبل پر دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلا گیا۔بھارت سے تیسرے ٹیسٹ میں فتح کے بعد انگلینڈ کے پوائنٹس 24 ہوگئے تھے تاہم جرمانے کے سبب دو پوائنٹس کی کٹوتی کرکے 22 کر دئیے گئے جبکہ 66.67 فیصد پوائنٹس کم ہو کر 61.11 فیصد پر آگئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی