گلوکار' موسیقار و اداکار اذان سمیع خان کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں مردانگی کا تصور بگڑ چکا ہے اور کچھ حد تک اس کی ذمہ دار خود خواتین بھی ہیں کیونکہ وہ ایسے مردوں کو پسند کرتی ہیں جو بات بات پر اپنی مردانگی جتاتے ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران معاشرتی سوچ پر گفتگو کرتے ہوئے اذان سمیع خان نے کہا کہ ہمارے ہاں مردانگی کا مطلب غلط لیا جاتا ہے، جیسے اگر کوئی مرد عورت کا پرس یا دوپٹہ اٹھالے تو اسے مردانگی کے خلاف سمجھا جاتا ہے، حالانکہ اصل مردانگی یہی ہے کہ عورت کا خیال رکھا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ مرد کو ہر جگہ مردانگی دکھانے کی ضرورت نہیں، بلکہ وہ بچے کا پیمپر بھی تبدیل کر سکتا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ خواتین بھی ایسے مردوں کو پسند کرتی ہیں جو ہر بات پر اپنی مردانگی ظاہر کرتے ہیں اور یہی رویہ ڈراموں اور فلموں میں بھی دکھایا جاتا ہے۔اذان کے مطابق ایسے ڈرامے زیادہ مقبول ہوتے ہیں جن میں مرد تشدد کرتے دکھائی دیتے ہیں، جو کہ ایک افسوسناک رویہ ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی