اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے پاکستان میں کم عمری کی شادیوں کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز کردیا جس میں معروف اداکارہ اور یونیسیف کی قومی سفیر برائے حقوقِ اطفال صبا قمر نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ اس ویڈیو مہم کا مقصد معاشرے میں کم عمری کی شادیوں کے مضر اثرات کو اجاگر کرنا اور اس رواج کے خاتمے کیلئے مشترکہ اقدام کی ضرورت پر زور دینا ہے۔صبا قمر نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان میں کسی بھی بچے کو ایسی شادی یا مستقبل پر مجبور کیوں کیا جائے جسے وہ خود نہ چنے؟ صحت اور تعلیم جیسے بنیادی حقوق کے سنگین خدشات کے ہوتے ہوئے، ہمیں یہ سب کچھ نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال میں نے سندھ کے شہر سجاول میں کم عمری کی شادیوں کے اثرات اپنی آنکھوں سے دیکھے۔ وہاں میں ایک 14 سالہ باہمت لڑکی سے ملی جس نے اپنے گائوں میں 3 شادیاں رکوا کر مثال قائم کی۔ان کا کہنا تھا کہ میں اس مہم کا حصہ بن کر فخر محسوس کرتی ہوں، ان تمام لڑکیوں کیلئے جن کی آوازیں بند دروازوں کے پیچھے دب جاتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی