سینئر اداکارہ اور ہدایت کارہ سنگیتا نے ماضی کے ایک دلچسپ واقعے سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز راج کپور نے انہیں رشی کپور سے فرضی شادی کروانے کی پیش کش کی تھی تاکہ وہ بھارت آکر فلموں میں کام کرسکیں۔ ایک انٹرویو میں سنگیتا نے بتایا کہ وہ ایک موقع پر تاشقند فلم فیسٹیول میں اپنی فلم کی نمائش کے لیے گئی تھیں، جہاں راج کپور بھی اپنی فلم کے ساتھ شریک تھے۔ راج کپور صاحب نے وہاں مجھ سے کہا کہ آپ بھارت آ جائیں، میں آپ کیلیے سب انتظام کردوں گا۔ حتی کہ انہوں نے یہ تک کہا کہ رشی کپور سے تمہاری فرضی شادی کروا دیتا ہوں تاکہ تم یہاں سکون سے کام کر سکو لیکن انہوں نے پیش کش ٹھکرا دی۔ اداکارہ نے کہا میری عمر کم تھی، جذبہ زیادہ تھا، اور میں اپنے وطن میں ہی کچھ کرنے کا ارادہ رکھتی تھی۔ بھارت جانا میرا خواب نہیں تھا۔سنگیتا نے مزید بتایا کہ انہیں بھارت سے متعدد فلمی پیشکشیں ہوئیں، لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنے ملک میں رہ کر کام کو ترجیح دی۔ ان کے مطابق معروف بھارتی فلم ساز مہیش بھٹ نے بھی انہیں ہدایت کاری کے لیے بھارت آنے کی دعوت دی، مگر انہوں نے انکار کردیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی