اداکار، ٹی وی میزبان اور پروڈیوسر فہد مصطفی نے کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں صنفی بنیادوں پر معاوضوں بارے تاثر غلط ہے' کئی اداکارائیں مرد اداکاروں کی نسبت زیادہ معاوضہ وصول کررہی ہیں ۔ ایک ٹی وی پروگرام کے دوران فہد نے بتایا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ شوبز انڈسٹری میں مرد اور خواتین کے معاوضوں میں صنفی بنیادوں پر فرق کیا جاتا ہے۔ان کے مطابق بعض اداکارائیں ایسی بھی ہیں جو اپنے ساتھی مرد اداکار سے زیادہ معاوضہ لیتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان، عائزہ خان اور ہانیہ عامر جیسی اسٹارز کا معاوضہ ساتھی مرد اداکاروں کے برابر ہوتا ہے، بعض اوقات وہ مردوں سے بھی زیادہ پیسے لیتی ہیں اور بطور پروڈیوسر وہ ایسی اسٹارز کو زیادہ معاوضہ دیتے بھی ہیں۔فہد مصطفی کا کہنا تھا کہ معاوضے کا تعلق اداکار کی جنس سے نہیں بلکہ ان کے ٹیلنٹ اور کام سے ہوتا ہے، اسٹارز کو زیادہ معاوضہ ملتا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ نئی اداکارہ بھی بڑی اسٹارز جتنا معاوضہ لینے لگے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی