i شوبز

شوبز اور فیشن انڈسٹری میں بھی بھارت کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں' عثمان ملکتازترین

May 22, 2025

ماڈل، اداکار اور گلوکار محمد عثمان ملک نے کہا ہے کہ جس طرح پاکستان نے بھارت کو جنگ کے میدان میں دھول چٹائی ہے اسی طرح شوبز اور فیشن انڈسٹری میں بھی ہم بھارت کو مات دے سکتے ہیں' ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں 'میں پاکستانی شوبز انڈسٹری خاص کر ماڈلنگ کی دنیا میں نیا ٹرینڈ لانا چاہتا ہوں' ہمیں اب عالمی فیشن انڈسٹری میں مقام بنانے کیلئے اپنی فیشن انڈسٹری میں جدت لانا ہوگی۔ ایک انٹرویو کے دوران بات کرتے ہوئے عثمان ملک نے کہا کہ خواہش ہے کہ پاکستان شوبز اور فیشن انڈسٹری میں دنیا میں راج کرے۔ انہوں نے کہا جس طرح پاکستان نے بھارت کو جنگ کے میدان میں شکست دی اسی طرح اگر حکومت انڈسٹری کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کرے تو ہم بھارت کو اس میدان میں بھی مات دے سکتے ہیں۔ عثمان ملک نے کہا پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں بس اسے آگے بڑھنے کے مواقع میسر نہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا ایک انٹرنیشنل برانڈ کیلئے بولڈ فیشن شوٹ کرانے کا میرا مقصد یہ تھا کہ پاکستانی فنکار بھی عالمی فیشن انڈسٹری میں اسی سطح کی خوداعتمادی کے ساتھ نظر آئیں۔ انہوں نے کہا اس بولڈ فوٹو شوٹ کا خیال مجھے بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کو دیکھ کر آیا کہ اگر ایک جنوبی ایشیائی مرد ایسا کرسکتا ہے تو میں کیوں نہیں۔ عثمان ملک نے کہا ہم ہمیشہ دوسروں کے فریم میں فٹ ہونے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن اب وقت ہے کہ ہم اپنا فریم خود بنائیں۔انسپائریشن اور نقل میں فرق بارے سوال پر انہوں نے کہا میں نے رنویر سے حوصلہ لیا، لیکن میں نے وہی کچھ نہیں کیا میں نے اپنے طریقے سے کیا۔ انہوں نے کہا میری خواہش ہے پاکستانی فنکار بھی عالمی فیشن انڈسٹری میں اسی سطح کی خوداعتمادی کے ساتھ نظر آئیں۔ ایک سوال کے جواب میں عثمان ملک نے کہا ہمیں صرف روایات کی حفاظت ہی نہیں کرنی، ہمیں روایت میں نئے رنگ بھی شامل کرنے ہیں ورنہ ہم محض ایک قیدی بن کر رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا دنیا میں ہمیں اپنے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کیلئے شوبز انڈسٹری میں جدت لانا ہوگی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی