معروف سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے 7 برس اسکرین سے دوری کی وجہ سے پردہ اٹھا دیا۔ثمینہ پیرزادہ ان دنوں اپنی آنے والی فلم دیمک کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ اس دوران انہوں نے ایک انٹرویو میں گزشتہ 7 برس سے اسکرین سے دوری پر بھی بات کی۔انہوں نے بتایا کہ جب میں اپنا آخری ڈرامہ بلا کر رہی تھی تو اس کی آخری کی چار سے پانچ اقساط ایسی تھی جس میں، اس کردار کی یاداشت کمزور ہو جاتی ہے جس کے لیے میں نے اپنی والدہ سے انسپریشن لی۔اداکارہ نے بتایا کہ میری والدہ کی وفات سے قبل ان کی بھی یاداشت ایسی کم ہوتی چلی گئی تھی، ان دنوں میں صبح اپنی والدہ کو دیکھ کر جاتی اور واپس گھر آنے کے بعد بھی انہیں دیکھتی اور ڈرامے کے سیٹ پر ان کے کردار کو نبھاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پھر ان کی والدہ کی وفات ہوگئی تو ان کے جانے کے بعد بلا کے کردار نے مجھ پر بہت اثر ڈالا۔ انہوں نے بتایا ڈرامہ سیریل ختم ہونے اور والدہ کے سوئم کے بعد میں نے اپنی بیٹیوں سے رابطہ کیا اور ان کے پاس چلی گئی اسی دوران کوویڈ آگیا تو میرے جتنے پروجیکٹس تھے وہ ختم ہوگئے جس کی وجہ سے میں کام نہیں کر رہی تھی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی