i پاکستان

اے این ایف کا کریک ڈائون،منشیات اسمگلنگ کرنے کی بڑی کوشش ناکام ، 154.15 ملین امریکی ڈالر کی منشیات برآمد،دوملزمان گرفتارتازترین

November 28, 2025

اینٹی نارکوٹکس فورس نے مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے، بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والے منشیات اسمگلرز نیٹ ورک کے ذریعے، منشیات اسمگلنگ کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ۔تفصیلات کے مطابق کارروائی میں 154.15 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات بھاری مقدار میں برآمد کر لی گئیں۔ اے این ایف انٹیلی جنس ٹیم پنجگور میں ڈرگ ٹریفکنگ تنظیم کی مسلسل نگرانی کر رہی تھی، تنظیم کی سربراہی بدنام زمانہ اسمگلر علی جان کر رہا تھا۔یہ گروہ افغانستان سے آنے والی منشیات کو پنجگور سے تربت، گوادر اور پسنی کے راستے یمن، تنزانیہ اور جی سی سی ممالک تک سپیڈ بوٹس اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے اسمگل کرتا تھا ۔اے این ایف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشکوک ایل پی جی گیس کنٹینر کو ایم-8 گوادر سی پیک روڈ پر سراغ لگا کر روکا اور قبضے میں لے لیا۔مکمل تلاشی کے دوران 553.5 کلوگرام آئس اور 40 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی جبکہ ڈی ٹی او کے دو کارندوں کوبھی گرفتار کر لیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی