i پاکستان

اقوام متحدہ رپورٹ پاکستان کی سفارتی اور اخلاقی فتح کا ثمر ہے،بلال اظہر کیانیتازترین

December 19, 2025

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں واضح طور پر درج ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد شہریوں کے بنیادی حقوق سلب کیے، یہ رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کو پاکستان سے معافی مانگنا پڑے گی۔اپنے ایک بیان میں بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر مضبوط اور ٹھوس مقدمہ لڑا جس کے نتیجے میں مئی سے لے کر آج تک عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کی گواہی دی جا رہی ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ پاکستان کی سفارتی اور اخلاقی فتح کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یو این رپورٹ بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور ملکی دفاع کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، کشمیر کے معاملے پر بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اور اب اسے یو این قراردادوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔ بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے خلاف جنگ جیت چکا ہے اور ہم پہلے دن سے کہتے آ رہے ہیں کہ خطے میں جارحیت کرنے والا ملک بھارت ہے، پاکستان کے حقوق کسی صورت سلب نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان نے جنگ کے دوران اور اس کے بعد بھی بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کی جبکہ پاکستان گزشتہ چھ ماہ سے سفارتی سطح پر مسلسل مضبوط پوزیشن پر آ رہا ہے جس کا اعتراف اب عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی