i پاکستان

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی خضدار میں اسکول بس پر دھماکے کی شدید مذمتتازترین

May 21, 2025

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خضدار میں زیرو پوائنٹ پر اسکول بس پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں اسکول بس میں سوار 4 معصوم بچے شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔ جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دلخراش واقعے نے پوری قوم کو غمزدہ کر دیا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمی طلبا کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جاے گا اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں۔دریں اثنا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بھی واقعہ پر شدید رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا ایک سفاکانہ، غیر انسانی اور ناقابل معافی جرم ہے، جو کسی بھی مہذب اور انسان دوست معاشرے میں قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی درندگی نہ صرف ملکی امن و امان کو تہہ و بالا کرتی ہے بلکہ معصوم والدین کے دلوں پر ایسے زخم چھوڑ جاتی ہے جو کبھی نہیں بھرتے۔سیدال خان نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا کسی مذہب، قوم یا نظریے سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے موثر اور ہمہ جہت اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے سیدال خان نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے اور زخمی بچوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات دی جائیں۔یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی اور مثر حکومتی اقدامات کس قدر اہم ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی