i پاکستان

لاڑکانہ ، ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلوں میں تین انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک ،دوفرارتازترین

January 09, 2026

لاڑکانہ اور ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلوں میں تین انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق لاڑکانہ میں پولیس نے ڈاکوئو ں کیخلاف ایکشن کرتے ہوئے دو انتہائی مطلوب ڈاکو خدا بخش عرف خدو جلبانی اور میر حسن عرف میرو جلبانی مارے گئے، پولیس نے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔رتو ڈیرو بائی پاس پر پولیس نے کارروائی کی، دونوں ہلاک ڈاکوئو ں پر پچاس لاکھ روپے کا انعام بھی مقرر تھا، رتو ڈیرو اور گرد و نواح میں پولیس کو دھمکیوں، لوٹ مار، اغوا اور دیگر سنگین وارداتوں کے باعث شہری اذیت کا شکار تھے۔ایس ایس پی احمد فیصل چودھری کے مطابق خدا بخش عرف خدو جلبانی پر ستانوے اور میر حسن عرف میرو جلبانی پر ستر سے زائد مقدمات درج تھے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عوام خوفزدہ رہتے تھے، پولیس کارروائی کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب ساہیوال کے نواحی علاقے کٹور والا کے قریب سی سی ڈی پولیس اور اشتہاری مجرموں کے درمیان ایک سنسنی خیز مبینہ مقابلہ پیش آیا

جس میں 35 ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو علی حیات لاہوری ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس کے مطابق سی سی ڈی کی ٹیم اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لیے کارروائی پر روانہ تھی کہ اس دوران ڈاکوئوں نے سڑک پر لکڑیاں پھینک کر راستہ بند کر رکھا تھا۔ملزمان نے سرکاری گاڑی کو پرائیویٹ سمجھ کر رکنے کا اشارہ کیا، تاہم پولیس کو دیکھتے ہی انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔فائرنگ کے جواب میں سی سی ڈی پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔مقابلہ کچھ دیر جاری رہنے کے بعد ایک ڈاکو شدید زخمی حالت میں زمین پر گر پڑا، جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔ہلاک ڈاکو کی شناخت علی حیات لاہوری کے نام سے ہوئی، جس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی