i پاکستان

وزیراعلی مریم نواز کی اسپیشل بچوں کے اسکول آمد، بچوں کے ساتھ گھلنے ملنے کی ویڈیو وائرلتازترین

November 28, 2025

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز لاہور میں خصوصی بچوں کے مرکز کے دورے کے دوران بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں۔ مریم نواز نے گزشتہ روز لاہور میں خصوصی بچوں کے مرکز کا دورہ کیا جس دوران وزیراعلی پنجاب نے خصوصی بچوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنوائیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔وائرل ویڈیو میں مریم نواز کو خصوصی بچوں سے گفتگو کرتے اور ان کے ساتھ تصاویر بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔سوشل میڈیا پر مریم نواز کی ایک ایسی ہی ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ ایک خصوصی بچے سے شفقت کے ساتھ ملیں، اس موقع پر بچے نے دور کھڑی ثانیہ عاشق کو بھی ارے آ ۔۔۔۔ تو وی کہہ کر بلایا۔بچے نے مریم نواز اور ثانیہ عاشق کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنوائیں جب کہ بچے کی گفتگو سے وہاں موجود مرکز کا عملہ اور حکومتی شخصیات بھی لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔

دوسری جانب ایکس پر جاری پیغام میں مریم نواز نے لکھا کہ الحمدللہ ! ایک سال سے بھی کم عرصے میں ہم نے پنجاب کے ہر ضلع میں ایک سینٹر آف ایکسیلنس فار اسپیشل ایجوکیشن قائم کیا، جس میں سے آج مجھے ایک کا افتتاح کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم نے اسکول میل پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا ہے، اس پروگرام کے تحت303 اسکولوں کے تمام 45 ہزار بچوں کو دودھ اور بسکٹ فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب نے بتایا کہ ان شاندار بچوں کے ساتھ وقت گزارنا اور ذاتی طور پر تھراپی رومز، اسمارٹ کلاس رومز، بریل سیکھنے کی سہولیات اور ان کے خوبصورت فن پاروں کا جائزہ لینا ایک یادگار تجربہ تھا، یہ بچے ہمت اور قابلیت کی روشن مثالیں ہیں۔اس سے قبل تقریب سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے احساس ہے، میری بہن کا بڑا بیٹا اسپیشل چائلڈ ہے،اسپیشل بچے کی وجہ سے گھر میں رحمت ہے، جن والدین کے گھر میں اسپیشل بچے ہیں ان کی ہمت کو سلام پیش کرتی ہوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی