i پاکستان

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 260 نئے کیسز رپورٹتازترین

November 28, 2025

صو بہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 260 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال پر روزانہ کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں 43 نئے ڈینگی مریض داخل ہوئے، جبکہ نجی ہسپتالوں میں 34 کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں ڈینگی کے داخل شدہ مریضوں کی کل تعداد 71 ہو گئی ہے۔کراچی ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں میں 25 نئے مریض داخل ہوئے، جبکہ حیدرآباد کے سرکاری ہسپتالوں میں 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔محکمہ صحت کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں 42 مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہوئے، جبکہ نجی ہسپتالوں میں 45 مریضوں کو صحت یاب قرار دیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ صوبے کے سرکاری اور نجی لیبارٹریوں میں کل 3,328 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 260 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے، کراچی کی لیبارٹریوں میں 147 اور حیدرآباد کی لیبارٹریوں میں 113 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں اور آس پاس کے ماحول کو صاف رکھیں، کھڑے پانی سے بچیں اور ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات پر عمل کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی