امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستانی وزیر اعظم کی تعریف کی اور کہا ہے کہ شہباز شریف غزہ کے روشن اور محفوظ مستقبل کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی اردو ترجمان مارگریٹ میکلاڈ نے لندن میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے فلسطین امن منصوبے میں اہم پیش رفت جاری ہے۔مارگریٹ میکلاڈ کے مطابق صدر ٹرمپ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت، خاص طور پر وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک سمیت مختلف مالیاتی ادارے غزہ کی تعمیر نو کے لیے فنڈز فراہم کریں گے۔ترجمان نے واضح کیا کہ غزہ کی آئندہ حکومت میں حماس کا کوئی کردار نہیں ہوگا، البتہ ہتھیار ڈالنے والوں کو ایمنسٹی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے شہریوں پر علاقے سے نکلنے کیلئے کسی قسم کا بیرونی دبا نہیں ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی جیت کو امریکا کے جمہوری عمل کی مضبوطی قرار دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی