i کھیل

400 روپے مزدور کی دیہاڑی نہیں اورہمیں الائونس دینے کا کہا جا رہا ہے،ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا اظہار ناراضگیتازترین

September 04, 2025

پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شکوہ کیا ہے کہ 400 روپے کے ڈیلی الائو نس کی بات کرنا زخموں پر نمک چھڑکنا ہے۔قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا موقف ہے کہ 400 روپے تو مزدور کی دیہاڑی نہیں ہے اور ہمیں ڈیلی الائونس دینے کا کہا جا رہا ہے، یہ ہماری بے عزتی ہے ، اس سے بڑھ کر آپ کسی کی کیا بے قدری کریں گے۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ روزگار ہے نہیں ، ڈیلی الائو نس پہلے بھی وقت پر نہیں ملتا اور اب 400 روپے کی بات کی جا رہی ہے، اگر یہی حالات رہے تو ہاکی چھوڑنے پر مجبور ہوں گے، ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ، ملک کی وجہ سے سب کچھ ہے لیکن 400 روپے کا سن کر دکھ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں اور ہمارے ڈیلی الائونس کی سب کو تکلیف ہے۔دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری رانا مجاہد نے بتایا کہ پی ایس بی نے 400 روپے ڈیلی الائونس دینے کا کہا، ہاکی فیڈریشن 100 ڈالر ڈیلی الائونس دیتی ہے، کھلاڑی 100 ڈالرز سے مطمئن نہیں تو 400 روپے پر کیسے کھیلیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی