پاکستان کے مسٹری اسپنر عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر تنقید کرنے والے بھارتی کرکٹر شری واستو گوسوامی کو بھارت کے سابق مایہ ناز اسپنر روی چندرن ایشون نے کرارا جواب دیکر خاموش کرا دیا۔بھارت کے ڈومیسٹک کرکٹر اور کمنٹیٹر شری واستو گوسوامی کی جانب سے سوشل میڈیا پر عثمان طارق کی امریکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ کے دوران بولنگ کا ایک کلپ شیئر کیا گیا۔شری واستو گوسوامی نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا حتی کہ فٹبال میں کھلاڑیوں کو پنالٹی کک کے دوران روک کر کک مارنے کی اجازت نہیں ہوتی۔انہوں نے مزید لکھا یہ کیسے اوکے ہو سکتا ہے؟ ایکشن ٹھیک ہے لیکن رکنا (pause)؟ یہ بہت زیادہ ہے جب آپ گیند پھینک رہے ہوں، یہ سلسلہ اس طرح نہیں چل سکتا۔سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون جو خود بھی تھوڑا رک کر گیند پھینکا کرتے تھے، انہوں نے شری واستو گوسوامی کی پوسٹ پر لکھا کہ اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ فٹبال میں ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
لیکن جب بیٹر کو اس بات کی اجازت ہے کہ وہ امپائر یا بولر کو بتائے بغیر ریورس شارٹ کھیلے یا پھر جس ہینڈ سے وہ بیٹنگ کر رہا ہو اسے چینج کرے تو پابندیاں صرف بولرز تک ہی محدود کیوں ہیں؟روی چندرن ایشون نے مزید لکھا کہ بولر کو تو اس بات کی اجازت نہیں ہے کہ وہ امپائر کو بتائے بغیر دوسرے ہاتھ سے گیند کرے۔ انہیں پہلے یہ رول تبدیل کرنے چاہئیں۔بعد ازاں ایکس پر ایک اور طویل پیغام میں ایشون نے لکھا کہ بولنگ ایکشن کے لیگل ہونے کا پتہ صرف آئی سی سی کے ٹیسٹنگ سینٹر سے لگایا جا سکتا ہے لیکن آئی سی سی کے قوانین کے مطابق 15 ڈگری تک ایکشن لیگل ہے اور رہی بات بولنگ کراتے وقت رکنے کی تو میرے حساب سے یہ بالکل لیگل ہے۔گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں عثمان طارق نے امریکا کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی