انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں گزشتہ روز پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان میچ کے دوران غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جب اعلی حکام نے میچ روکوادیا۔آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومل نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تو گرائونڈ میں بیٹھے کھلاڑیوں، شائقین کرکٹ اور چیئر لیڈرز بھی پریشان ہوگئے۔ اس دوران پنجاب کنگز نے 10.1 اوورز میں 122 رنز بنالیے تھے کہ اچانک اسٹیڈیم کی لائٹس بند ہوگئیں، ابتدائی طور پر اسے فنی خرابی قرار دیا گیا لیکن بعد میں میچ منسوخ کردیا گیا۔تقریبا 23,000 تماشائیوں والا اسٹیڈیم 80 فیصد بھرا ہوا تھا، جہاں سے سب کو باہر نکالا گیا۔ اس موقع پر پنجاب کنگز کی چیئرلیڈر نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں شدید خوف میں مبتلا دیکھا جاسکتا ہے، انہوں نے بتایا کہ اچانک پورا اسٹیڈیم خالی کروایا گیا، سب چیخ رہے تھے! شاید میں ابھی تک صدمے میں ہوں، کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے کہ رو کیوں نہیں رہی۔ دوسری جانب آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومل کا کہنا ہے کہ لیگ کے حوالے سے حکومتی ہدایت کا انتظار کررہے ہیں جس کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی