ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کرنیوالی قومی جونیئر ٹیم کی وطن پر شاندار استقبال کیا گیا۔ تھائی لینڈ میں منعقدہ ایشین انڈر 16 چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈخضر افضال چودھری چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب ،صدر سہیل خاور میرسمیت بڑی تعداد میں شائقین نے پرتپاک استقبال کیا اور قومی ہیروز کو پھولوں کے ہار پہنانے سمیت پھولوں کی پتیاں نچھاور کی۔ اس موقع پر پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب نے پاکستان آرمی اور حکومت کی سپورٹ پر شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مزید وسال ملے تو دنیا میں پاکستان کا نام مزید روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈر 16ٹیم کے تربیتی کیمپ اور تیاریوں میں آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ نے اہم کردار ادا کیا۔ انڈر 16ٹیم نے ملک کا نام روشن کیا ہے، نوجوان کھلاڑی بہت باصلاحیت ہے۔ ورلڈ انڈر 17چیمپین شپ کی تیاریوں کیلے ابھی سے پلاننگ کررہے ہیں امید ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اپنا مثبت کردار ادا کرینگے تاکہ والی بال کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا جھنڈا بلند کریں۔واضح رہے کہ ایشین انڈر 16 چیمپئن شپ میں پاکستان کی والی بال ٹیم ناقابل شکست رہی۔فائنل میں پاکستان نے ایران کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر فتح سمیٹی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی