i کھیل

اٹلی نے پہلی بار آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرلیاتازترین

July 12, 2025

اٹلی کی مینز کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔یورپ ریجن فائنل کے آخری مرحلے میں نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کے باوجود اٹلی نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرکے آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں شیڈول میگا ایونٹ کے لیے جگہ بنائی۔ انتہائی اہم میچ سے قبل اٹلی تین میچز میں پانچ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھا اور انہیں یقینی بنانا تھا کہ وہ بڑے مارجن سے نہ ہاریں ورنہ اس صورت میں اسکاٹ لینڈ کو حیران کن شکست دینے والی جرسی ٹیم نیٹ رن ریٹ پر ان سے آگے نکل سکتی تھی۔اٹلی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 134 رنز بنائے اور سات وکٹیں گنوائیں۔ میچ میں اٹلی کی جانب سے بین مانینتی نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے۔

گرینٹ اسٹیورٹ نے 25، ہیری مانینتی نے 23 جبکہ کپتان جو برنز نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔نیدرلینڈز کے روئلوف وین ڈیر میرو سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے چار اوورز میں صرف 15 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ان کا ساتھ کائل کلین نے دو وکٹیں لے کر اور آریان دت نے ایک وکٹ حاصل کر کے دیا۔جواب میں نیدرلینڈز نے 135 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 21 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ اوپننگ بلے باز میکس او ڈاڈ نے 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں تین چوکے شامل تھے۔ ان کا بھرپور ساتھ مائیکل لیوٹ 34 رنز اور کپتان ایڈورڈز رنز37 ناٹ آئوٹ نے دیا۔اٹلی کی جانب سے واحد وکٹ کرشان کلواگاماجے نے حاصل کی۔اگرچہ اٹلی کو اس میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن ان کے بولرز نے دلیرانہ کارکردگی دکھائی اور نیدرلینڈز کو بڑا مارجن حاصل کرنے سے روک کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی