انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے بھارتی حکام کی خواہش کے باوجود ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آئندہ 3 فائنلز کے میزبانی بھی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو سونپ دی ہے۔سنگاپور میں ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں اس اہم فیصلے کے حوالے سے بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ حالیہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی کامیاب میزبانی کی وجہ سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آئندہ 3 فائنلز 2027، 2029، اور 2031 کی میزبانی کے حقوق بھی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو دیے گئے ہیں۔آئی سی سی اجلاس میں افغان نژاد بے گھر خواتین کرکٹرز کی معاونت سے متعلق پروگرام پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا، اس پروگرام کا مقصد بے گھر افغان خواتین کرکٹرز کو اعلی کارکردگی پر مبنی تربیتی اقدامات، مقامی سطح پر کھیلنے کے مواقع اور عالمی سطح پر آئی سی سی ایونٹس میں شمولیت کے لیے معاونت فراہم کرنا ہے۔آئی سی سی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یو ایس اے کرکٹ کے حوالے سے کونسل نے اپنی پچھلی پوزیشن کو دہرایا ہے اور تصدیق کی کہ یو ایس اے کرکٹ تاحال نوٹس پر ہے، کرکٹ یو ایس اے کو جامع گورننس اصلاحات کرنے اور 3 ماہ کے اندر آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کا کہا گیا ہے۔آئی سی سی اعلامیے کے مطابق 2 نئے ممالک، مشرقی تیمور کرکٹ فیڈریشن اور زامبیا کرکٹ یونین کو آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممبران کی حیثیت سے شامل کر لیا گیا، جس کے بعد رکن ممالک کی تعداد 110 ہوگئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی