i کھیل

ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز، پاکستان شاہینز نے ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کو 107 رنز سے شکست دے دیتازترین

August 21, 2025

پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کو 107 رنز سے شکست دے دی۔ معاذ صداقت نے شاندار سنچری بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ شاہینز کی یہ سیریز میں پانچ میچ کھیل کر تیسری کامیابی ہے۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز سکور کئے، اوپنرز معاذ صداقت اور یاسر خان نے 149 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ معاذ صداقت نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 104 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے 11 چوکے شامل تھے۔ یاسر خان نے 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ عبدالصمد نے 25 رنز بنائے۔ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے ہیری مینینٹی نے ہیٹ ٹرک کی۔ ہدف کے تعاقب میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی پوری ٹیم 16.1 اوورز میں 95 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مکینزی ہاروے 27 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔پاکستان شاہینز کی جانب سے مبصر خان نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہران ممتاز اور فیصل اکرم نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ معاذ صداقت کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ پاکستان شاہینز اپنا اگلا اور چھٹا میچ آج 22 اگست بروزجمعہ کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی