پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے میں نے بابر اعظم کو انسٹاگرام پر کبھی فالو ہی نہیں کیا تو ان فالو کیا کرنا ہے، لوگ ایسے ہی باتیں کرتے رہتے ہیں ۔وہ ساتھی کرکٹر سابق کپتان بابر اعظم کے ساتھ تعلقات اور انہیں انسٹاگرام پر ان فالو کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں پر ردعمل دے رہے تھے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ خوشی بہت ہے نوجوان کرکٹرز نے پرفارم کیا، ہمیں دیکھنا یہ ہے کہ ہمیں کرکٹ کیسی کھیلنی ہے، فینز کو تفریح مہیا کرنی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کپتان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے بابر اعظم کو ان فالو کردیا جس پر جواب دیتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ 'میں نے بابر اعظم کو انسٹاگرام پر کبھی فالو ہی نہیں کیا تو ان فالو کیا کرنا ہے، لوگ ایسی ہی باتیں کرتے رہتے ہیں'۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ بابر میرا 2008سے اسکول کا دوست ہے، تب تو اتنا سوشل میڈیا بھی نہیں تھا، بس لوگوں کا خیال ہے کہ میں نے بابر کو ان فالو کر دیا، ایسا کچھ نہیں ہے، میں نے میچ سے پہلے بابر سے بات کی تھی، ہم یہ ساری چیزیں دیکھ کر صرف ہنستے ہی ہیں۔ بنگلادیش کے خلا ف سیریز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے مزید کہاکہ جب تک میں کپتان ہوں، ہمیں ایسے ہی کرکٹ کھیلنی ہے، ہمیں بولروں اور بیٹرز کو انڈر پریشر رکھنا ہے، ہماری کوشش یہی ہے کہ مین ٹیم یہی رہے لیکن کوئی بھی ٹیم میں واپس آ سکتا ہے سب کے لیے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محمد حارث نے پوری سیریز میں اچھا کھیلا، ہم ڈومیسٹک کو بھی عزت دیں گے اور اس پرفارمنس کی بھی اہمیت رہتی ہے، پی ایس ایل سے بھی کھلاڑی آ رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی