i کھیل

چھکا مارنے پر 10، چوکے پر 6 رنز ملیں گے، سعودی عرب میں منفرد ٹورنامنٹ کا23ستمبر سے آغاز ہوگاتازترین

September 16, 2025

سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہنگامہ کرکٹ ٹورنامنٹ 23 ستمبر 2025 کو شروع ہو گا ، ٹورنامنٹ میں قوانین کو منفرد انداز میں ترتیب دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق 6 اوورز کرکٹ ہنگامہ ویسٹرن پراونس کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سعودی عرب کے یوم الوطنی کے دن جدہ میں منعقد ہو گا۔ چیف آرگنائزر ندیم الندوی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ایونٹ میں 12 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں سے دو ٹیمیں دمام، ایک طائف، ایک ینبع، دو تبوک جبکہ 6 ٹیمیں جدہ سے کھیلیں گی۔ ٹورنامنٹ میں سات انٹرنیشنل کرکٹرز بھی شامل ہوں گے، قومی ٹیم کے سابق سٹار آل رائونڈر عبدالرزاق اور عمر گل مہمان خصوصی ہوں گے۔ صہیب مقصود، سہیل خان، سہیل تنویر،عثمان خان، عماد بٹ پہلی بار براہ راست ٹیموں کا حصہ بن کر کھیلیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایونٹ کو کرکٹ ہنگامہ اس لئے نام دیا گیا ہے کیونکہ اس میں کھیل کے قوانین کو منفرد انداز میں ترتیب دیا گیا ہے۔ چھکا مارنے پر 10 رنز، چوکے پر 6 رنز، جبکہ وائیڈ اور نو بال پر 2 رنز ملیں گے تاکہ میچز مزید دلچسپ اور ہائی سکورنگ ہوں۔ چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ تماشائیوں کے لئے بھی خصوصی قرعہ اندازی رکھی گئی ہے۔ قرعہ اندازی کے ذریعے شائقین کرکٹ کو قیمتی انعامات جیتنے کا موقع ملے گا، ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 30 ہزار سعودی ریال ملیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی