پاکستان سپر لیگ کی فرینچائز پشاور زلمی نے انڈیا کے خلاف دلیرانہ ردعمل کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی پائلٹس کے لیے پانچ کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق پشاور زلمی کی انتظامیہ کی جانب سے اقدام کو قومی یکجہتی کا اشارہ قرار دیا گیا ہے۔یہ اعلان پاکستان کے یوم تشکر کے روز سامنے آیا جس کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف نے یہ کہتے ہوئے کیا تھا کہ فوجی جوانوں نے انڈیا کو مناسب جواب دیا۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ حالیہ واقعات سے قومی سلامتی اور عام شہریوں کے تحفظ کو شدید خطرات لاحق ہوئے مگر پاکستان کے فضائی محافظوں کے تیز، درست اور دلیرانہ ردعمل نے کسی بھی بڑے نقصان کو ٹال دیا۔انہوں نے کہا ان کی غیرمتزلزل ہمت، لگن اور قربانی ہمارا قومی فخر ہے۔ آج ہم صرف الفاظ میں ہی ان کی عزت نہیں کرتے بلکہ بامعنی عمل سے بھی سراہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا یہ کردار قومی سالمیت کا مضبوط نشان ہے اور ہم اپنے ان ہیروز کا احترام کرتے ہیں جو غیرمتزلزل عزم کے ساتھ ہمارے آسمانوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی