جاپانی خلا باز نے خلا میں بیس بال کھیل کر سب کو حیران کر دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔جاپانی خلا باز کوئچی وکاٹا نے خلا میں بیس بال کھیل کر دنیا بھر کے شائقین کو حیرت میں ڈال دیا ہے، اس منفرد ویڈیو میں انہیں ایک ہی وقت میں بالنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔بیس بال دنیا کے مشہور ترین کھیلوں میں سے ایک ہے، لیکن کسی نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ کھیل مائیکرو گریویٹی میں ممکن ہو گا۔جاپانی خلا باز کوئچی وکاٹا نے خلا میں اپنے منفرد تجربے کے ذریعے یہ ثابت کر دیا کہ خلا میں بھی کھیلنا ممکن ہے بس طریقہ منفرد ہونا چاہیے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں پہلے بالنگ کراتے ہیں، پھر فورا دوسری جانب بڑھ کر بیٹنگ کرتے ہیں اور آخر میں تیزی سے گیند کے پیچھے دوڑ کر شاندار کیچ بھی پکڑ لیتے ہیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین جاپانی خلا باز کی مہارت پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔کوئچی وکاٹا نے یہ ویڈیو اپنے ایکس اکائونٹ پر بھی شیئر کی اور لکھا ہے کہ یہ بیس بال کا سیزن ہے، جاپان میں ایم ایل بی سیزن اوپنر شروع ہو رہا ہے اور اپنے ایکسپیڈیشن 68 کے دوران میں نے بھی خلا میں تنہا بیس بال میچ کھیلا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ مائیکرو گریویٹی میں آپ کو مکمل ٹیم کی ضرورت نہیں ہوتی، یہاں آپ تمام پوزیشنز پر خود ہی کھیل سکتے ہیں۔اس ویڈیو کو ناسا اور جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی (JAXA) نے بھی شیئر کیا ہے اور خلا باز کے اس دلچسپ تجربے کو سائنس اور تفریح کا شاندار امتزاج قرار دیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی