صدر ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی) اور چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ایشیا کپ کے میچ میں بھارت کی جانب سے اسپورٹس مین شپ کی خلاف ورزی پر انتہائی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل میں سیاست گھسیٹنا اصل روح کے منافی ہے۔محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ امید ہے آئندہ فتوحات کو تمام ٹیمیں خوش اسلوبی اور وقار کے ساتھ منائیں گی۔یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں بھارت کی جانب سے کھیل کے آداب کی کھلی خلاف ورزی سامنے آئی، جب بھارتی ٹیم نے پاکستان کے ساتھ روایتی ہینڈ شیک سے انکار کر دیا تھا۔ پی سی بی کے مطابق پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے میچ ریفری کے رویے پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کروا دیا جبکہ ٹیم مینجر کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارتی رویے کے خلاف اختتامی تقریب میں احتجاجا شرکت نہیں کی، اس حوالے سے ذرائع نے دعوی کیا کہ اختتامی تقریب میں نہ جانے کی وجہ یہ تھی کہ تقریب کے پریزنٹیٹرکا تعلق بھارت سے تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی