i کھیل

قومی کھیل ہاکی کا فروغ،کرکٹ کی طرز پر پاکستان سپر ہاکی لیگ منعقد کرانے کا فیصلہتازترین

July 09, 2025

قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے کرکٹ کی طرز پر پاکستان سپر ہاکی لیگ منعقد کرانے کا بڑافیصلہ،پہلی شہید بینظیر بھٹو پاکستان سپر ہاکی لیگ کراچی میں کھیلی جائیگی،صدر زرداری نے50کروڑ کی خصوصی گرانٹ جاری کر دی،مقامی کھلاڑی کی فیس 25لاکھ روپے،ہر ٹیم میں چار چار انٹرنیشنل کھلاڑی ہوں گے،5ٹیموں میںکراچی ٹائیگرز،لاہور لائنز،کے پی کے کنگز،بلوچ ٹائیٹنز اور اسلام آباد پینتھرز شامل،غیر ملکی کھلاڑیوں کو وی آئی پی سیکورٹی فراہم کی جائیگی،قیام فائیو سٹار ہوٹل میں ہو گا،فارن پلئیرز کے لیے 5کروڑ روپے مختص،انعامی رقم سوا پانچ کروڑ روپے،لیگ کی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق ملک میں قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے کرکٹ کی طرز پر پاکستان سپر ہاکی لیگ منعقد کرانے کا بڑافیصلہ کیا گیا ہے جس کا سہرا سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کو جاتا ہے،اس حوالے سے سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر احسن احمد جتوئی نے آئی این پی سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ہاکی کو دوبارہ زندہ کرنا ان کا خواب تھا جس کے تحت کرکٹ کی پاکستان سپر لیگ کی طرح پاکستان سپر ہاکی لیگ منعقد کرانے کا بڑافیصلہ کیا گیا ہے اور پہلی شہید بینظیر بھٹو پاکستان سپر ہاکی لیگ کراچی میں کھیلی جائیگی جو اکتوبر یا نومبر میں متوقع ہے جس کے لیے صدر زرداری نے50کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کر دی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں،انہوں نے بتایا کہ یہ انٹرنیشنل لیگ عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں فلڈ لائٹس میں کھیلی جائیگی جس میں پانچ ٹیمیں شریک ہوں گی جن میںکراچی ٹائیگرز،لاہور لائنز،کے پی کے کنگز،بلوچ ٹائیٹنز اور اسلام آباد پینتھرز شامل ہیں،تمام میچز سنگل لیگ بنیاد پر کھیلیں جائیں گے

احسن احمد جتوئی نے کہا کہ ٹاپ دو ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔روزانہ دو میچز کھیلیں جائیں گے۔ہر ٹیم میں چار چار انٹرنیشنل کھلاڑی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم میں ایک ایمرجنگ کھلاڑی ہو گا۔یہ لیگ ایف آئی ایچ رولز کے مطابق کھیلی جائیگی،کھلاڑیوں کی عمر کی حد تیس سال ہو گی۔ احسن احمد جتوئی نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے سفر اور قیام و طعام کے تما م تر اخراجات ہم خود ادا کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ مقامی اور غیر ملکیوں کو ادا کی جانے والی مجموعی رقم بارہ کروڑ روپے ہو گی اور ہر مقامی کھلاڑ ی کو 25لاکھ روپے ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کل ہاکی پلئیرز کے پاس موٹر سائیکل تک نہیں ہے اور ہم انہیں پچیس لاکھ روپے دیںگے اور ان کا قیام فائیو سٹار ہوٹل میں ہو گا۔لیگ کی مجموعی انعامی رقم سوا پانچ کروڑ روپے ہو گی۔احسن احمد جتوئی نے بتایا کہ لیگ آرگنائزر اور آفیشلز کے لیے دو کروڑ روپے رکھے گئے ہیں،پانچ اولمپئینز کے سلیکشن پینل کے لئے دس لاکھ روپے ہوں گے۔ہوٹل قیام و طعام کے اخراجات چار کروڑ روپے ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیم آفیشلز اور ریفریز کے لیے بیس لاکھ روپے،گراونڈمیں کھانے پینے اور ریفریشمنٹ کے لیے 25لاکھ روپے اور ٹرافی اور شیلڈز میڈلز کے لیے 35لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اخراجات کے لیے ایک کروڑ روپے اور آن گرائونڈ کھلاڑیوں کے مشروبات کے لیے دس لاکھ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ایک سوا ل پر انہوں نے کہا کہ تماشائیوں کی فری انٹری سے متعلق فیصلہ بعد میں مشاورت سے کیا جائیگا۔اس ہاکی لیگ کو ٹی وی چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی