عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب کی نئی سیاحتی مہم کا حصہ بن گئے ہیں۔ اس مہم کا نام Unreal Calendar ہے جس میں ملک کے کھیلوں اور ثقافتی ایونٹس کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس مہم کیلئے ایک منٹ کی ویڈیو بنائی گئی ہے جس میں رونالڈو اپنی آواز شامل کرتے ہیں۔ ویڈیو میں انہیں سعودی عرب کے بڑے کھیلوں کے مقابلے دیکھتے اور النصر کلب کے لئے کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ آخر میں وہ سیاحتی اور ثقافتی تقریبات کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں، میں فٹبال کیلئے آیا تھا لیکن یہاں اور بھی بہت کچھ ہے۔یہ مہم یورپ، بھارت اور چین سمیت کئی ملکوں میں دکھائی جائے گی۔ سعودی عرب آنے والے برسوں میں فیفا ورلڈ کپ 2034، ایشین کپ 2027، ای اسپورٹس اولمپکس 2027 اور ایشین ونٹر گیمز 2029 جیسے بڑے ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔ اس کے علاوہ فارمولا ون، گالف، ٹینس اور سعودی پرو لیگ جیسے مقابلے بھی ہر سال منعقد کیے جا رہے ہیں۔
وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ سعودی عرب اب ایک ایسی جگہ بن رہا ہے جہاں دنیا بھر کے لوگ کھیلوں اور ثقافتی ایونٹس کے ساتھ ساتھ مقامی روایات اور مہمان نوازی سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔رونالڈو، جو 2022 میں سعودی کلب النصر میں شامل ہوئے اور 2027 تک اپنا معاہدہ بڑھا چکے ہیں، نے کہا کہ سعودی عرب میں کھیلوں کا مستقبل بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ ملک اپنی روایات کو بھی سنبھالے ہوئے ہے اور ساتھ ہی نوجوانوں کے لیے نئے مواقع کھول رہا ہے۔سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے سعودی عرب نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ہدف یہ ہے کہ 2030 تک یہ شعبہ ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی