i کھیل

پاک بھارت میچ میں متنازع گفتگو ، پی سی بی کی شکایت پر آئی سی سی کا نوٹس ،بھارتی کپتان کے خلاف کارروائی کا عندیہتازترین

September 25, 2025

ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے بعد پریزینٹیشن میں متنازع اور سیاسی بیان بازی کے ذریعے ہیرو بننے کی کوشش پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو مشکل میں پھنس گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکایت پر آئی سی سی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے بھارتی کپتان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے جمع کرائے گئے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد سوریا کمار کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے خلاف گروپ اسٹیج میں کھیلے گئے میچ کے بعد سوریا کمار یادیو کے سیاسی جملے بولے جانے پر پاکستان نے باضابطہ طور پر آئی سی سی میں شکایت درج کرائی تھی، اس معاملے کو میچ ریفری رچی رچرڈسن دیکھ رہے ہیں جنہوں نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو ای میل بھی بھیج دی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ای میل میں میچ ریفری رچی رچرڈسن نے واضح کیا ہے کہ سوریا کمار نے کھیل کے مفاد کے خلاف غیر مناسب ریمارکس دئیے جس سے لگتا ہے کہ بھارتی کپتان نے کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی پاکستان کی شکایت کا جائزہ لے رہا ہے اور جلد اس کی باضابطہ سماعت ہوگی جبکہ پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے 2 آفیشل رپورٹس ملی ہیں۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوریا کمار یادیو کے خلاف باضابطہ کارروائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔واضح رہیکہ بھارتی کپتان سوریا کمار نے ایشیا کپ کے گروپ اسٹیج میچ میں جیت کے بعد پریزنٹیشن میں گفتگو کرتے ہوئے پہلگام واقعے کا ذکر کرتے ہوئے متنازع بات کی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی