سابق قومی کپتان راشد لطیف نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی وصول نہ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں راشد لطیف نے کہا کہ بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)کے چیئرمین اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا جو معطلی کا سیدھا کیس بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ کسی اور کھیل میں ہوتا تو فوری کارروائی کی جاتی لیکن چونکہ آئی سی سی کے چیئرمین، سی ای او، سی ایف او، کمرشل چیف اور ہیڈ آف ایونٹس و کمیونیکیشن سب بھارتی ہیں اس لیے معطلی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔راشد لطیف نے اس واقعے کو کرکٹ کے لیے ایک بدنما دن قرار دیا اور کہا کہ بھارت نے کھیل کے اسپرٹ اور جنٹلمین گیم کے اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے اس لیے اس رویے پر سخت احتساب ہونا چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی