i کھیل

صدر، وزیراعظم سمیت ملک کی سیاسی شخصیات دیگر کی لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ 10 جیتنے پر مبارکبادتازترین

May 26, 2025

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ 10 جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا فائنل لاہور قلندرز کی شاندار فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جس میں صدر آصف زرداری نے لاہور میں منعقدہ اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور فاتح ٹیم کو مبارکباد دی۔صدر مملکت نے پی ایس ایل 10 کی چیمپئن لاہور قلندرز کو ٹرافی پیش کی، کھلاڑیوں کو گولڈ میڈلز پہنائے اور ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو انعامی چیک بھی دیا۔انہوں نے لاہور قلندرز کی فائنل میں عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔ صدر نے اپنے خطاب میں پاک بحریہ کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک بحریہ نے سمندری حدود کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی بحریہ کے کسی بھی جارحانہ اقدام کو موثر طریقے سے روکے رکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں کے باعث ہی ملک میں امن قائم ہے، جس کے نتیجے میں ہم آج پی ایس ایل کا فائنل پرامن ماحول میں دیکھ رہے ہیں۔

بعدازاں صدر آصف زرداری نے پی سی بی انتظامیہ کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ 10 جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے فائنل میچ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کو سراہا۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف کامیابی کے ساتھ حاصل کیا، پی ایس ایل 10 میں شامل تمام ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بورڈ انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور تمام کھلاڑیوں، بالخصوص غیر ملکی کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پی ایس ایل کے سنسنی خیز فائنل میں شاندار فتح حاصل کرنے پر لاہور قلندرز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لاہور قلندرز نے بہترین ٹیم ورک، جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک یادگار فتح حاصل کی، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے مشکل لمحات میں خود پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے فتح اپنے نام کی

جو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال ہے۔چئیرمین سینیٹ نے لاہور قلندرز کے کپتان، کوچنگ اسٹاف، اور انتظامیہ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کی محنت، نظم و ضبط اور قیادت نے ٹیم کو بلندیوں تک پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کامیابی نے نہ صرف لاہور بلکہ پورے پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کو خوشی فراہم کی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے امید ظاہر کی کہ لاہور قلندرز آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور پاکستان کا نام مزید روشن کریں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لاہور قلندرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کی فتح ٹیم ورک اور محنت کا نتیجہ ہے۔پی ایس ایل 10 کے فائنل میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور شائقینِ کرکٹ کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملا۔پی ایس ایل 10 میں تمام ٹیموں نے شاندار کارکردگی دکھائی اور شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔چیئرمین پی سی بی اور پی سی بی انتظامیہ کو بہترین انتظامات پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پی ایس ایل 10 میں مثالی سکیورٹی انتظامات پر سکیورٹی ادارے خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔اس موقع پر غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔میچز کیپر امن انعقاد سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پی ایس ایل 10 میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان ے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 10 جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ٹیم کی فتح ٹیم ورک اور محنت کا نتیجہ ہے۔

عمر ایوب خان نے کہا تمام ٹیموں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہور قلندرز نے زبردست مقابلے کے بعد ہدف کامیابی کے ساتھ حاصل کیا۔ پی ایس ایل 10 میں شامل تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔پاکستان میں کرکٹ کی کامیابی اور کھیل کے فروغ کے لیے دعا گو ہوں۔ دریں اثنا وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے فائنل جیتنے پر لاہور قلندرز کی ٹیم کو مبارکباد دی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بیٹر اور بولر کی عمدہ کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کا پرامن انعقاد دراصل پاکستان کی فتح ہے، ایونٹ کھیلنے والے کرکٹرز نے ہر میچ میں عمدہ کرکٹ پیش کی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے پی ایس ایل میں کامیابی پر لاہور قلندرز کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا لاہور قلندرز نے اپنی محنت اور لگن سے فائنل میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب بولیں لاہورقلندرز نے دل و جان سے فتح حاصل کی، لاہور قلندرزصرف ایک ٹیم ہی نہیں بلکہ تحریک ہے۔گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر نے بھی لاہور قلندرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا پی ایس ایل سے پوری دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی